اچھا وکیل بننے کیلئے روزانہ پڑھنا ضروری ہے : سابق چیف جسٹس
ملتان (سپیشل رپورٹر)ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی جانب سے سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وکلاء تقریب میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان بار میرا گھر ہے میں نے یہیں سے وکالت کی پریکٹس شروع کی ، بار عہدیداران اور سینئر وکلاء کا مشکور ہوں جنہوں نے مدعو کیا۔ اچھا وکیل بننے کے لئے روزانہ پڑھنا ضروری ہے، میں نے کوشش کی اپنی ملتان بار کی بہتری کے لئے کچھ کر کے جاؤں۔ نوجوان وکلاء کیس کی مکمل تیاری کر کے عدالتوں میں پیش ہوں۔ تقریب میں صدر ہائیکورٹ بار میاں عادل مشتاق اور جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملک ارشد حسین بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس محمد قاسم خان کی خدمات قابل تحسین ہیں، کم وقت میں وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیے، ضلع کچہری کی اور ہائیکورٹ کے توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام کرایا گیا، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت پیش کرکے کیا گیا۔اس موقع پر نائب صدر اورنگزیب خان بلوچ، لائبریری سیکرٹری فرزانہ سلیمان ، فنانس سیکرٹری خرم شہزاد، سینئر وکلاء رفیق رجوانہ ، حبیب اللہ شاکر اور ملک حیدر عثمان سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔