پاکستان اور ترکی: باہمی تجارت کا حجم 1.1ارب ڈالر تک پہنچ گیا
لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت کا حجم 1.1ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔صدرایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ پاکستان ترکی دوطرفہ تجارتی حجم نئی بلندیوں کو چھونے کیلئے تیار ہے کیونکہ اس نے اپنی دس سال پہلے 1.1ارب ڈالر کی کھوئی ہو ئی سطح دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رجحان دو طرفہ تجارتی حجم میں بتدریج مزید اضافہ کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکی میں پیپل ٹو پیپل، بز نس ٹو بزنس اور چیمبر ٹو چیمبر سطح کے مضبوط روابط موجود ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے واضح کیا کہ ترکی کیساتھ اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک (SEF) پر جلد ہی دستخط کیے جا سکتے ہیں ۔ کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے حقیقی امکانات بہت زیادہ ہیں اور پاکستان ترکی کی جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات کی درآمدات سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے جو کوالٹی میں یورپین یا کسی بھی دوسرے ملک کی مصنوعات کی ہم پلہ ہیں۔ پاکستان میں ترکی کے کمرشل اتاشی نے کہا کہ ترکی مستقبل کی ٹیکنالوجیز جیسے الیکٹریکل گاڑیاں، رینیوابل انرجی، ایوانکس اور ڈرونز، روبوٹکس،آرٹییفشل انٹیلیجنس،ا سپس ٹیکنالوجیز اور جدید زرعی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پاکستان با ہمی تعاون، تجارت اور جوائنٹ وینچرز کے ذریعہ ترکی کی ان صنعتوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر سلیمان چاولہ نے ای سی اوکے ریجنل اور سب ریجنل ممالک کو جیو اکنامک ڈائنامکس سے فائدہ اٹھانے کیلئے سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔