اسرائیل کی جانب سے جاری فضائی حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں: پاکستان
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاہے کہ اسرائیل کے جنگی جرائم اور انسانیت سوزمظالم پراس کامحاسبہ کیاجائے اوراسرائیل پرزوردیاہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف طاقت کاوحشیانہ استعمال فوری بندکرے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے پندرہ رکنی عالمی ادارے کے نام اپنے بیان میں مزید کہاکہ تنازعہ فلسطین کے دوریاستی حل کی متعلقہ قراردادوں پرمکمل عملدرآمداور آزادانہ فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو فروغ دیاجائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے جاری فضائی حملے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔منیراکرم نے کہاکہ فلسطینیوں کانصب العین حق خودارادیت کے حصول اور بیرونی تسلط سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد پرمبنی ہے۔انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل بے گناہ اورنہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کوطاقت کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل پردبائوڈالناچاہیے کہ یہودی بستیوں کی آبادکاری اورمقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں تبدیلی سمیت تمام یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات بند کئے جائیں۔