اسلام آباد: قومی اسمبلی کااجلاس آج سہ پہر چار بجے ہوگا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اجلاس میں شرکت کریں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے سیکیورٹی اور کوویڈ سے متعلق حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اجلاس میں مہمانوں کے داخلہ پر پابندی ہوگی۔ ممبران کی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ لاجز سے شٹل سروس چلائی جائے گی۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں پارٹی پالیسی بیان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف عدالتی حکم کے باوجود لندن نہ جانے کا معاملہ ایوان میں اٹھائیں گے۔ لیگی ارکان اسمبلی کو اجلاس میں بھرپور شرکت کی ہدایت کردی گئی۔ لیگی ارکان کی جانب سے حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کا امکان ہے۔