پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان بازار اور مارکیٹوں میں اشیاء کی کوالٹی یقینی بنائیں: خرم شہزاد
لودھراں(خبر نگار،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر راجہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان بازار اور فیئر پرائس شاپس اور دیگر مارکیٹوں پر اشیاء کی کوالٹی کو یقینی بنائیں اور گراں فروشوں سے کسی قسم کی کوئی رعائت نہ کی جائے۔ انہوںنے یہ بات یہاں گورنمنٹ پنجاب کے ویڈیو لنک اجلاس کے بعد ضلع کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیائ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اشتیاق احمد جاوید، چیئر مین بلدیہ لودھراں شیخ افتخار الدین تاری اور تمام محکموں کے ضلعی افسران موجود تھے۔ انہوںنے مزید کہاکہ گرین بیگ آٹا، گوشت کی دوکانیں ، تازہ سبزیوں پھلوں اور نرخناموں کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقررہ نرخ کے ساتھ اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور مصنوعی گرانی کے انسداد کے لئے رمضان میں متحرک رہیں۔