افغانستان : فضائی حملہ جھڑپیں ، کمانڈر سمیت 57 طالبان ،10 سکیورٹی اہلکار ہلاک
کابل (سنہوا+آن لائن) افغانستان کے مختلف صوبوں میں سکیورٹی فورسز کے فضائی حملے اور جھڑپوں میں اہم کمانڈر سمیت مزید 57 طالبان جنگجو ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ اس دوران 10 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ دوسری طرف افغان انسداد منشیات ٹاسک فورس نے ایک ہفتہ کے دوران ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 20 منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق افغان سپیشل آپریشن فورسز نے مغربی صوبہ فاراح میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک گاؤں یاکی کالان میں طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملہ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 15 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فضائی کارروائی کے دوران طالبان کا ٹھکانہ مکمل تباہ ہو گیا۔ یاد رہے ایک روز قبل طالبان نے صوبہ فاراح میں بھرپور حملہ کیا تھا۔ ادھر مشرقی صوبہ غزنی کے 4 اضلاع میں گزشتہ شب طالبان نے مختلف چیک پوسٹوں پر حملے کر دئیے۔ فائرنگ کے تبادلہ میں 10 افغان اہلکار اور 44طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے۔ فوجی ذرائع کے مطابق جھڑپیں کافی دیر جاری رہیں۔ دریں اثناء شمالی صوبہ سمنگان میں بھی افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس حکام کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے ضلع روئی دوآب کے علاقہ سرخ قلعہ میں چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں طالبان اہم کمانڈر مولوی عالم مخلص سمیت 8 جنگجو ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ اس دوران ایک سکیورٹی اہلکار بھی مارا گیا۔