پانی کی قلت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف پیپلزپارٹی کا احتجاجی دھرنا
حیدرآباد( نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی حیدرآباد کی جانب سے سندھ میں پانی کی قلت اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہٹڑی بائی پاس کے قریب احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوںمیں خالی مٹکے اور لال ٹین اٹھائی تھیں۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سندھ نثار کھوڑو،پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو،پیپلزپارٹی کے رہنام نواب یوسف تالپور، صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سمیت دیگر رہنمائوں نے کہاکہ ہم پارلیمنٹ کے اندر سندھ کے پانی کی قلت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ پاکستان کے دشمنوں نے جس طرح پاکستان کو کمزور کیا ہے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ سندھ بھرمیں پانی نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت چشم جہلم لنک کینال کو بند کرے۔ ہم پانی پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ہماری خاموشی کو کمزوری نہیں سمجھا جائے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پرچم وفاق اور پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے۔