نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے قائمہ کمیٹی سے استعفے سپیکر کو بھجوا دئیے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے قانون و انصاف کے پیپلز پارٹی کے دو ارکان نے با ضابطہ طور پر استعفے سپیکرسردار ایاز صادق کوبھجوا دیئے ، سید نوید قمر اور شگفتہ جمانی نے اپنے استعفوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مقصدچیئرمین نیب کو بلوا کر ان پر سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات پر دبائو ڈالنا ہے، عجلت میں بلائی گئی میٹنگ کے بارے میں میڈیا کے ذریعہ پتہ چلا، یہ نہ صرف پارلیمانی اقدار کے خلاف بلکہ نیب کی آزادانہ تحقیقات کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ ارکان نے استعفے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے اس بات کا معلوم ہوتے ہوئے بھی کہ ہم یہاں موجود نہیں ہیں جان بوجھ کر آج میٹنگ بلوائی گئی ۔اس لئے ہم قومی اسمبلی کے رول 218کے تحت احتجاجا اس کمیٹی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔برائے مہربانی ہمارے استعفے قبول کئے جائیں ۔