شفافیت کیلئے جوابی امتحانی کاپی میں سٹمپ شدہ سکیورٹی فیچر بحال کر دئیے: چیئرمین لاہور بورڈ
لاہور (لیڈی رپورٹر) بوٹی مافیا کے خاتمے اور امتحانات میں شفافیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے جوابی امتحانی کاپی میں سٹیمپ شدہ سیکورٹی فیچر کو بحال کردیا گیاہے، رٹا سسٹم کے خاتمے کیلئے سوالیہ پیپرز میں تفہیمی انداز کے سوالات میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے، امسال امتحانات میں چیئر مین کیساتھ ساتھ صوبہ کے 9تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن لا ہور پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل نے کیا۔ یہ بات انہوں نے تعلیمی بورڈ میں لاہور ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن (لیرا) کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لاہور تعلیمی بورڈ ریحانہ الیاس ،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل ،صدر لیرا حافظ اعجاز بشیر بھی موجود تھے۔ پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل نے کہا کہ میٹرک اور ایف اے /ایف ایس سی کے پیپرز کی چیکنگ کیلئے ایگزامینرز کا پنجاب لیول پر ڈیٹا بیس بنالیا گیا ہے ۔