56کمپنیوں کیخلاف درخواست،جواب کیلئے مہلت کی حکومتی استدعا مسترد
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی پبلک سیکٹر میں قائم 56 کمپنیوں کی تشکیل اور ارکان صوبائی اسمبلی کو کمپنیوں کا سربراہ لگانے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو جواب داخل کرانے کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا مسترد کر دی اور ہدایت کی کہ کمپنیوں کی تشکیل کے لیے فنڈز کی ترسیل سے متعلق تفصیلات پیش کی جائیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کمپنیوں کی تشکیل اور ارکان پنجاب اسمبلی کی شمولیت کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ کمپنیوں کی قانونی حیثیت سے متعلق مطمئن کیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ مقامی حکومت کی موجودگی میں 56 کمپنیوں کا قیام غیرقانونی ہے اور کمپنیوں میں ارکان صوبائی اسمبلی کا تقرر بھی غیرآئینی ہے۔