فالسہ ، کھانے میں مزیدار ، صحت مند ، فوائد بے شمار

May 17, 2016

کراچی(نمائندہ نوائے وقت )فالسہ کھانے میں جتنا مزیدار پھل ہے اتنے ہی اسکے فوائد بھی ہیں۔ ماہرین فالسہ کو موسم گرما کا بہترین تحفہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس کے جوس کا استعمال گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے اور پیاس بجھانے کا اہم ذریعہ ہے۔تفصیلات کے مطابق گرمیوں کے موسم میں فالسہ قدرت کا انمول عطیہ ہے۔ فالسہ ایک خوشنما اور لذیذ پھل ہے جو کہ خشک اور سرد تاثیر کا حامل ہوتا ہے۔ گو یہ بہت مختصر مدت کیلئے مارکیٹ میں آتا ہے مگر اسکی ریڑھیاں سجتے ہی لوگ اس ذائقہ دار پھل کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں اور اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔لوگوں کا ماننا ہے کہ فالسہ کا جوس لو لگنے کی صورت میں ازحد مفید ہے تاہم ترش اور کم پکے فالسے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا فالسہ استعمال کیا جانا چاہیے۔اسکا جوس پینے کا بھی اپنا ہی مزہ ہے خاص طور پر بچوں کا تو یہ من پسند پھل ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق فالسہ معدے کی گرمی، سینے کی جلن، مسوڑھوں سے خون آنا، معدے کے السر اور شوگر میں بھی سود مند ہے جبکہ یہ جگر کو تقویت دیتا ہے۔

مزیدخبریں