
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 172 رنز کا ہدف دیا، جو فاتح ٹیم نے 19ویں اوورز میں حاصل کرکے فائنل میں ملتان سلطانز سے مقابلے کی تیاری کرلی۔پشاور زلمی کے خلاف 4 وکٹ سے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی میچ میں فتح کے ساتھ ہی ایونٹ کے فائنل کی دونوں ٹیمیں بھی سامنے آگئیں، یہی ٹیمیں گزشتہ سیزن کے فائنل میں بھی مدمقابل تھیں۔لاہور قلندرز کی طرف سے اوپنر مرزا بیگ نے 54، سیم بلنگز نے 28 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان 6، احسان حفیظ 15 اور عبداللّٰہ شفیق 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈیوڈ ویزے 9 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پشاور کی طرف سے عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 2 جبکہ وہاب ریاض، عامر اجمل اور سلمان ارشاد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا فائنل 18 مارچ (ہفتہ) کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔