عمران خان کا ملک بھر میں درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کیلئے عدالت سے رجوع.

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک بھر میں درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے لئے اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکیل خواجہ حارث کی وساطت سے درخواست دائر کی۔عمران خان نے درخواست میں کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے آتے ہی ملک بھر میں روزانہ مقدمات درج ہو رہے ہیں، وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا، جان کو شدید خطرات ہیں۔درخواست میں عمران خان نے استدعا کی ہے کہ پورے ملک میں درج مقدمات کا ریکارڈ دیں، پولیس کو عدالت کی اجازت کے بغیر گرفتاری سے روک دیں۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ اور چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔