ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو اس وقت پاکستان میں نہیں ہے: وسیم خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو اس وقت پاکستان میں نہیں ہے۔ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تمام فرنچائزرز کے ساتھ ملکر ملک و قوم اور کھلاڑیوں کے وسیع تر مفاد کی خاطر پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی بریسٹر سلمان نصیر اور پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی زندگیاں سب سے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 12 مارچ کو کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت کر کے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ شائقین کے بغیر خالی سٹیڈیم میں میچ کرائے جائیں گے بعد ازاں پنجاب حکومت کے ساتھ مشاورت کر کے لاہور میں خالی سٹیڈیم میں میچز کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی جس میں کرونا وائرس کی علامات سامنے آئی ہیں ان کا نام نہیں لے سکتے ہمارے لیے یہ ممکن نہیں ہے اگر کوئی نام لے رہا ہے تو یہ اس کا اپنا مسئلہ ہے تاہم یہ بات درست ہے کہ وہ مشتبہ کھلاڑی پاکستان میں نہیں ہے۔ ہم نے کراچی میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی بنا پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس بات کا آپشن دیا تھا کہ اگر وہ اپنے ممالک میں جانا چاہتے ہیں تو کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں ہے۔ جس پر بغق کھلاڑی واپس چلے بھی گئے تھے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں کھیلنے کے لیے رضا مند تھیں کسی ٹیم نے کھیلنے سے انکار نہیں کیا تھا۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ اگلے پی ایس ایل سے پہلے اس ٹورنامنٹ کو ری شیڈول کر کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ کرایا جا ئے گا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ نہ ہونے سے پی سی بی کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا ہے، ہم نے سب سے پہلے کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز اور آفیشلز کی جانوں کی حفاظت کو ترجیح دینی ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ٹورنامنٹ مکمل نہ ہونے کا مجھ سمیت تمام کرکٹ شائقین کو افسوس ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تمام فرنچائز کے ساتھ ملکر بروقت فیصلہ کر کے ٹورنامنٹ کو ملتوی کیا گیا ہے۔