لاہور : میو اسپتال میں کورونا وائرس کاپہلا مریض زندگی کی بازی ہارگیا

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے اورلاہور کے میو اسپتال میں تفتان سے قرنطینہ گزار کر پنجاب آنے والا شخص انتقال کر گیا۔ وزارت قومی صحت نے پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔وزارت قومی صحت کے مطابق کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت لاہور میں ہوئی۔ 50 سالہ غلام عمران کا تعلق حافظ آباد سے تھا۔ غلام عمران گزشتہ دنوں ایران سے واپس لوٹا تھا اورتفتان میں 14روز قرنطینہ میں گزار کر واپس لوٹا تھا۔ غلام عمران کو گزشتہ رات تشویش ناک حالت میں میو اسپتال لایا گیا تھا، مریض کو آئی سی یو میں رکھا گیا مگر وہاں وینٹی لیٹر کی سہولت نہیں تھی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹرز یہ شبہ ظاہر کررہے ہیں کہ یہ پاکستان میں کورونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکت ہوسکتی ہے۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض غلام عمران انتقال کر گیا ہے ۔دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ کورونا کا مشتبہ مریض غلام عمران تفتان بارڈرکے ذریعہ پاکستان پہنچا تھا، اس کو قرنطینہ نہیں رکھا گیا،صرف اسکریننگ کرکے پنجاب داخل کردیا گیا۔ وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 193 ہو چکی ہے جبکہ 2 مریض صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔