اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا۔
پالیسی ریٹ کا تعین کرنے کیلئے پالیسی کمیٹی کا اجلاس گورنراسٹیٹ بینک رضاباقر کی سربراہی میں ہوگا جس میں پالیسی بورڈ ممبران اور بورڈ آف ڈائیریکٹرز شریک ہوں گے۔
مسلسل 4بار ہر دوماہ کیلئے پالیسی ریٹ جاری کیا جاتا ہے اور شرح سود مسلسل8ماہ سے 13اعشاریہ 25فیصد پر برقرار ہے۔
ہم نیوز کے مطابق اس بار 13روز قبل پالیسی ریٹ کا اعلان کیا جارہا ہے۔ کورونا وائرس کے معاشی اور سرمایہ کاری کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پالیسی ریٹ جلد جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماہرین معاشیا کے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی مسلسل گرتی قیمتیں ملک کیلئے اچھی خبر ہے جس کے سبب بیرونی سرمایہ کاری اوردیگرمعاملات میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق امکان ہے آج شرح سود میں کمی کی جاسکتی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان بھی شرح سود میں کمی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہلاکت خیز کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو زبردست دھچکا لگا ہے، اسٹاک ایکس چینج میں مندی، عالمی تجارت کی معطلی اور سیاحت میں بڑے پیمانے پر کمی کے اثرات دنیا بھر کی اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشت گراؤٹ کا شکار ہے،20 سے زائد ممالک شرح سود میں کمی کرچکے ہیں، شرح سود میں کمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق شرح سود آدھا فیصد سے ڈھائی فیصد تک کم ہوسکتی ہے، اس وقت شرح سود 13 اعشاریہ 25 فیصد ہے،شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔