سیاسی وسماجی شعبوں سے وابستہ خواتین کی سانحہ نیوزی لینڈ کی شدید مذمت
لاہور(لیڈی رپورٹر) سیاسی و سماجی شعبوں سے وابستہ خواتین نے نیوزی لینڈ سانحے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کو عبرت کا نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں تحریک انصاف کی رہنماؤں ڈاکٹر نوشین حامد اور سنعیہ ساجد نے کہاکہ نہتے مسلمان نمازیوں پر گولیاں برسانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔مسلم لیگ ن کی حنابٹ اورعنیزہ فاطمہ نے کہاکہ اس دہشتگردی پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق ،ثمینہ سعید ،امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق ،صدر ضلع لاہور زرافشاں فرحین نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کا نشانہ بننے والے مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرے۔ورکنگ خواتین نبیلہ شاہین ،سدرہ ڈار اوریونیورسٹی طالبات کومل عطا، طوبیٰ ایمن نے کہاکہ ایسے درندوں کونشان عبرت بنانا ہوگا ۔دریں اثنامسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ زاہد بخاری نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشتگردی کے حملے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراردادجمع کرادی۔