پاکستان کی بڑی صنعتوں کی پیداوار بڑھنے کی بجائے کم ہونے لگی
لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان کی بڑی صنعتوں کی پیداوار بڑھنے کی بجائے کم ہونا شروع ہو گئی ہے اور رواں مالی سال جنوری میں صنعتوں کی پیداوار گزشتہ مالی سال میں جنوری کے مقابلے ساڑھے چار فیصد کم رہی ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جنوری کے دوران لوہے اور سٹیل فارما سیوٹیکل، فوڈ، آٹو سیکٹراور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 19 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مجموعی طور پر بڑی صنعتوں کی پیداوار گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 4.6 فیصد کم رہی۔ جنوری میں لوہے اور سٹیل کی پیداوار میں 19 فیصد، آٹو سیکٹر کی پیداوار میں 13 فیصد، معدنیات کی پیداوار میں 8 فیصد اور کمیکلز کی تیاری میں 7 فیصد کمی دیکھی گئی،جبکہ گزشتہ سال جنوری میں بڑی ٰ صنعتوں کی پیداوار میں ساڑھے دس فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری تک مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی طور پر بھی بڑی صنعتوں کی پیداوار گزشتہ سال سے 2.3 فیصد کم رہی ۔ رواں مالی سال میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کا ٹارگٹ 8 فیصد رکھا گیا ہے ۔ لیکن پیداور بڑھنے کی بجائے پہلے سے بھی کم ہو رہی ہے۔