سبزہ زار کے علاقہ سے اغواء کے بعد قتل ہونے والی بچے کی نعش دوسرے روز بھی نہ مل سکی
لاہور(نمائندہ خصوصی)سبزہ زار کے علاقہ سے اغواء کے بعد قتل ہونے والی بچے کی نعش دوسرے روز بھی نہ مل سکی،مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری اور بچے کی نعش نہ ملنے پر ورثاء نے لیاقت چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بند کردیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سبزہ زار کے رہائشی اذان علی کو چند روز قبل اغواء کرلیا گیا تھا،دوران تفتیش پولیس نے بچے کے ایک محلے دار رکشہ ڈرائیور عمر کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ اس نے ایک دوکاندار عمران شاہ کے ساتھ مل کر بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا اور بعدازاں نعش گندے نالے میں پھینک دی۔ڈی ایس پی ناصر باجوہ کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر بچے کی نعش کی تلاش کے لئے دو روز سے سرچ آپریشن جاری ہے،نعش کی تلاش کے لئے کرین منگوائی گئی ہے،جبکہ ملزم عمران شاہ گھر اور دوکان کو تالے لگا کر مفرور ہے،اسکی گرفتاری کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔