عمران خان کا آئندہ سپرلیگ پاکستان میں کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے: سرفراز نواز
لاہور (نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا آئندہ برس پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کا اعلان خوش آئند ہے۔ عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا ہے پی ایس ایل کی اصل کامیابی مقابلوں کا مختلف شہروں میں انعقاد ہے۔ عمران خان سیاسی میدان میں بھی ملک کو مسائل سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ وہ دلیرانہ فیصلہ کرتے ہیں یہی انکی کامیابی کی ضمانت ہے۔ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے سے کھیل کی مقبولیت بڑھے گی، ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ شائقین کو اچھے مقابلے کو تفریح کے مواقع ملیں گے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا سفر آسان ہو گا موجودہ حالات میں وزیراعظم کا اس فیصلے کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے تمام مسائل حل ہونگے۔ پی سی بی کے اہم معاملات پر بھی وزیراعظم کو توجہ دینا ہو گی۔ بالخصوص مشکوک کردار کے حامل افراد سے شرفا کے کھیل کو بچانے کی ضرورت ہے۔ پی ایس ایل کے کراچی میں ہونیوالے میچز میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی رہا ہے۔ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے عوام اپنے میدانوں پر مقابلوں سے محروم رہے ہیں اب نیوزی لینڈ میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعے کے بعد دنیا کو یہ احساس ہو جانا چاہیے کہ کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے ایسے واقعات کسی بھی جگہ ہو سکتے ہیں یہ صورت حال انتہائی تشویشناک اور پریشان کن ہے۔ میری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔