کراچی: غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آمد پر شکریہ‘ صدرعارف علوی
کراچی(وقائع نگار) پی ایس ایل سیزن4 میں حصہ لینے والی ٹیموں کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں استقبالیہ دیا گیا۔ استقبالیہ سے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت کھلاڑیوں نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے کے لوگوں میں کرکٹ دیکھنے کا بہت شوق اور جذبہ ہے۔ پی ایس ایل کے بہترین انتظامات پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر شکر گذار ہوں۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویون رچرڈز ہمارے وزیراعظم عمران خان کے مداح ہیں۔ پی ایس ایل پر احسان مانی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔دوسری جانبصدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا،انہوں نے کہا کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ضرور ہوگا۔یہ بات انہوں نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی بھی موجود تھے۔صدر پاکستان نے کہا کہ پی ایس ایل فور کا فائنل میچ دیکھنے ضرور آؤں گا، میں بہت خوش ہوں اور بڑے شوق سے پی ایس ایل میچز دیکھنے آیا ہوں، غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ یہاں آئے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا مجھے بہت شوق ہے، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ پی ایس ایل اگلے سال پاکستان میں ہوگا، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب اچھے حالات ہوں گے اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان بھی ضرور آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں کہ وہ ہماری دعوت پر یہاں آئے، کسی کھلاڑی نے اس سال پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔ایک سوال کے جواب میںصدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پاکستان دہشت گردی کے حالات سے گزر چکا ہے، پڑوسی ملک کو بھی کہتا ہوں کہ نفرت بڑھانا آسان اسے کم کرنا مشکل ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے وزیر اعظم کو پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے نہیں آنا چاہیے۔ادھر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہائوس کراچی میں ملاقات کی۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے صدر مملکت سے بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں صدر مملکت نے بتایا ہے کہ حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ صدر مملکت سے نیوزی لینڈ میں رونما ہونے والے واقعے پر بھی بات ہوئی، ایسا کوئی مسلمان کرتا تو دنیا بھر میں اس کے خلاف شورمچ جاتا۔انہوںنے کہا کہ صدر مملکت سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات ہوئی ہے ، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کو مشورہ دیا ہے کہ کے فور، گرین لائن اور دیگر منصوبوں کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔