پی ایس ایل فور فائنل: ٹرافی پشاور اٹھائے گا یا کوئٹہ‘ فیصلہ آج کراچی میں ہو گا
کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا کھیل کا آغاز شام8 بجے ہو گا۔ فائنل سے قبل میوزیکل کنسرٹ ہوگا، کنسرٹ کے لیے اسٹیج کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا، تقریب کے لیے 68 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیاگیا ہے ، کنسرٹ میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، آئمہ بیگ،ابرار الحق، فواد خان اور جنون گروپ اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے ،اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا،انٹرنیشنل فٹبال اسٹار کارل پائیول بھی تقریب کا حصہ بنیں گے۔فائنل اور اختتامی تقریب میں اہم ترین شخصیات کی شرکت متوقع ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم عمرن خان اور چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد کا امکان ہے، ۔ دونوں ٹیموں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کپتان جیت کے لیے پراْمید ہیں اور پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھانے کو تیار ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان میں کافی شہرت رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ فائنل میں زلمی کی شرٹ پہن کر آئیں اور نیشنل اسٹیڈیم کو پیلا کردیں۔پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل کھیلنے والی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پانچواں پاکستان میں ہوگا یا نہیں اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا، تاہم پی ایس ایل کھیل کر میں انجوائے کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔ زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے۔۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ہم جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھائی، فائنل میں بھی ایسا کھیل پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر لوگوں کا ولولہ قابل دید ہے اور اسی جوش کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہونا چاہیے۔ کپتان نے مزید بتایا کہ کراچی کے شائقین نے جس طرح ٹیموں کو سپورٹ کیا اور کراچی میں رہنے کی حیثیت سے ہماری خواہش ہوگی کہ ہم ٹیم کو میچ میں کامیابی دلوائی۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان نے پی ایس ایل سیزن کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا۔