پی ایس ایل 4 کا فائنل آج کوئٹہ، پشاور مد مقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپرلیگ 4کا فائنل آج پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج شام سات بجے کھیلاجائے گا ‘فائنل میچ میں صدر عارف علوی‘وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاویس باجوہ ہوں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ فائنل معرکہ کے موقع پر رنگارنگ اختتامی تقریب بھی ہوگی۔ نیشنل سٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی تقریب ہوئی ۔ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں بعد ازاں ٹرافی کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر لے جایا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں،اس بار کامیابی کے لیے پر امید ہیں،پاکستان میں کرکٹ مقابلوں کا معیار بہت بلند ہوگیا ہے،شین واٹس اور عمر اکمل ہمارے مرکزی بیٹسمین ہوں گے۔پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان میں کافی شہرت رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ فائنل میں زلمی کی شرٹ پہن کر آئیں اور نیشنل سٹیڈیم کو پیلا کردیں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن پاکستان میں ہوگا یا نہیں اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا، تاہم پی ایس ایل کھیل کر میں انجوائے کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے، ہم نے پی ایس ایل کے ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی پورے پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن ہم اپنی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کے شائقین نے جس طرح ٹیموں کو سپورٹ کیا اور کراچی میں رہنے کی حیثیت سے ہماری خواہش ہوگی کہ ہم ٹیم کو میچ میں کامیابی دلوائیں۔شین واٹسن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور وہ ہمارے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو یہاں فائدہ ہوگا، کوشش کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کریں تو بڑا اسکور بنائیں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ کوئٹہ اچھی ٹیم ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہیں، شین واٹسن ہمارے لیے پریشانی کا باعث نہیں بن سکتے۔انہوں نے کہا کہ میں بولنگ نہیں کر پا رہا لیکن ہماری ٹیم میں ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر حسن علی موجود ہے اور ان کے ساتھ وہاب ریاض کا ہونا بہترین ہے۔دریں اثناء صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ٹیوٹر پیغام میں فائنل میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم جانے کی تصدیق کی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے پی ایس ایل فائنل کا بے چینی سے انتظار ہے میں سٹیڈیم میں میچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔