ملزم سبط الحسن کی بریت کی درخواست مستردہونے کے خلاف اپیل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائی کورٹ میں کالعدم تنظیموں کاسوشل میڈیاچلانے کے معاملے پر ملزم سبط الحسن کی بریت کی درخواست مستردہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی ۔سبط الحسن نقوی کی طرف سے ایڈوکیٹ سپریم کورٹ سیدذوالفقارعباس نقوی نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہاگیاکہ سبط الحسن نقوی کے خلاف خصوصی عدالت برائے انسداد کرائم میں کیس زیرسماعت ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے ۔ درخواست کے مطابق انسدادالیکٹرانک کرائم کی خصوصی عدالت نے سبط الحسن کی درخواست مسترد کی ۔ درخواست کے مطابق ملزم کے خلاف تاحال کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کیاجاسکا۔ درخواست کے مطابق انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت میں 265-K کے تحت بریت کی درخواست دی لیکن ماتحت عدالت نے درخواست مسترد کردی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سبط الحسن کا نام مقدمہ سے خارج کرنے کاحکم دیاجائے۔