پاکستان مذاکرات سے پہلے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بند کرے: بھارتی وزیر دفاع
نئی دہلی(آن لائن) پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن ماحول میں مذاکرات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ تشدد اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں تاہم مناسب ماحول کو تیار کرنے کے لئے نتیجہ خیز مذاکرات کی امید کی جا سکتی ہے ۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نرملا سیتارامن نے کہا کہ بھارت اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا حامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہو یا بنگلہ دیش یا چین ہو سبھی ممالک کو بھارت کی خود مختاری کا احساس کر کے ہی بات چیت کے لئے ماحول سازگار کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پڑوسی ممالک بشمول بنگلہ دیش اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کا نیا دور شروع کرنا چاہتا ہے ۔ جس میں امن کے لئے کوششیں کی جا سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے سرحدوں پر جاری جنگ بندی معائدے کی خلاف ورزی کو روک کر ماحول کو سازگار بنا کر پھر مذاکرات کیجانب قدم بڑھانا ہو گا ورنہ بھارت اتنا کمزور نہیں ہے کہ وہ دیکھتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں مگر ہم صبر سے کام لے رہے ہیں انہوں نے دعوی کیا کہ بھارتی جنتا پارٹی خطے میں امن بحالی کے حق میں ہے اور بھارت میں لوگوں نے اس دلخراش سانحہ پر ماتم کیا اور ایسے واقعات اگر رونما ہوتے رہے تو ہم بھی دیکھنے والے نہیں ہیں ۔