کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ رہائشیوں کے لئے 5 ارب کی منظوری
چکوٹھی(آئی این پی)وفاقی وزیرامورکشمیر علی امین گنڈاپور سے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنماء سید ذیشان حیدر کی تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں وفاقی حکومت نے متاثرین لائن آف کنٹرول کے لئے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی۔ متاثرہ علاقوں میں بنکرز، سڑکیں، صحت و تربیت کی سہولیات فراہم کی جائیںگی اسکے علاوہ تمام متاثرین کو ایک ماہ کے اند بے نظیر اور صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ جس کے لئے سروے شروع ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر کا قلمدان چیلنج سمجھ کر قبول کیاوزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر بلا امتیاز کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کررہے ہیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ذیشان حیدر نے لائن آف کنٹرول چناری چکوٹھی کا دورہ کرنے اور متاثرین کے لئے پیکج کی منظوری پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں کمیٹیاں بنارہے ہیں عوامی منصوبہ جات کو عوام کی شراکت داری سے مکمل کریں گے۔