تعلیمی بورڈ لاہورکی تعلیم دوستی
مکرمی! یکم مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک امتحانات میں مجھے بھی امتحان میں شامل ہونے کا موقع ملا۔دراصل امتحانات قریب ہوں تو ایک انجانا سا خوف ذہن و دل پے چھایا رہتا ہے کہ مکمل تیاری کے باوجود امتحانی مراکز میں تعینات عملہ کیاسلوک روا رکھے گا۔ مگر یہ دیکھ کر دل کو بہت طمانیت ملی کہ جب سب سے پہلے رول نمبر سلپ حاصل کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئی کیوں کہ تعلیمی بورڈ نے اب ا یسا آسان سوئچ سسٹم دیا ہے کہ بس ایک کلک کے ذریعے مطلوبہ میٹریل آپ کو مل جاتا ہے۔سو ہمارا امتحانی مرکز لارنس روڈ پر قائم کردہ بورڈ کی بلڈنگ میں بنا جہاں پر ایک ترتیب کے ساتھ داخلہ ممکن بنایا گیا ہے کہ رش کی وجہ سے کسی طالب علم کے لیے پریشانی نہ ہو، امتحان کے عمل کو پورا کرنے کے واسطے اعلیٰ درجے کا فرنیچر صفائی ستھرائی اور اس کے علاوہ تعیناتی عملے کی جیسے کسی خاص ترتبیت گاہ میں تربیت کی گئی ہو، چلنے پھرنے سے لے کر بولنے کے انداز تک مہذب گفتگو سب سے اہم تھی، روشنی کا انتظام، پینے کے واسطے پانی کی سپلائی بہتر، طالب علموں کی کثیر تعداد کے باوجود نہایت پر سکول طریقے سے امتحانی عمل منزل کی طرف رواں دواں، اسی طرح سے سکیورٹی کے معاملے میں خاص انداز اپنایا گیا تھا۔ امتحانی پیپرز شروع ہونے سے لے کر اختتام تک ایک طریقہ کار اپنایا گیا تھا جس کے تحت تمام امور سرانجام پا رہے تھے یہاں صرف یہی کہنا مناسب ہو گا کہ تمام امتحانی عمل جیسے ایک شفاف سانچے میں ڈھالا گیا ہو۔ اس کے پسِ پردہ یقیناً تعلیمی بورڈ کی محنتی اور ایماندار انتظامیہ کی کاوشیں شامل تھیں جن کی وجہ سے امتحان دینے والے طالب علموں کے لیے اچھا اور پُرسکون ماحول اب ایک پیشہ وارانہ ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے اور تعلیمی بورڈ لاہور کی تعلیم دوستی کا پتا دیتا ہے۔ (عاطف پرویز کینال روڈ، لاہور )