وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور اگلے انتخابات میں(ن) لیگ مخالفین کا صفایا کردے گی۔ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دن رات ایک کرکے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے مکمل کیے اور جنوبی پنجاب کو لاہور جیسا بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ ان کی خدمت کس نے کی اور وقت کس نے ضائع کیا اور اپنے کئی سالوں میں دن رات ایک کرکے جنوبی پنجاب کی حالت تبدیل کی ہے اور پچھلے 9 سالوں میں ڈیرہ غازی خان میں 47 ارب روپے کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کی۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں شہباز شریف سڑکیں اور میٹرو بناتے ہیں لیکن اسکول اور ہسپتال نہیں بناتے لیکن یہاں آکر دیکھیں کہ سب کچھ بن رہا ہے جبکہ مخالفین سے صرف عوام کا پیسہ اور وقت ضائع کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان اکھٹے ہوگئے ہیں اور یہ لوگ مل کر پنجاب پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور یہاں کہ ترقیاتی کاموں میں کیڑے نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کہ پاکستان نہیں بنایا تو قیامت کے دن ہماری معافی نہیں ہوگی اور یہ لوگ جھوٹ کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں لیکن 3 ماہ بعد عوام ان کو اپنے ووٹ سے جواب دیں گے۔جلسے سے خطاب میں صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بولتے ہیں اور اس طرح دن رات جھوٹ بولنا پاکستان سے دشمنی ہے۔ملتان میٹرو پر لگائے گئے الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ 17 ججز پر مشتمل لارجر بینچ بنا کر تحقیقات کریں اور اگر اس میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوگئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔انہوں نے کہا میں اگر چند روز میں خود خط چیف جسٹس کو بھجوادوں لیکن عمران خان نیب کیسز کی تحقیقات سامنے لے کر آئیں اور ثابت کریں کہ شہباز شریف نے کرپشن کی ہے ورنہ جا کر کسی درگاہ پر بیٹھیں اور اللہ اللہ کریں کیونکہ سیاست ان کا کام نہیں ہے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اگلے 3 ماہ میں فیصلہ آنے والا ہے، مسلم لیگ ن اگلے الیکشن میں مخالفین کا صفایا کر دے گی، عوام نے فیصلہ کرنا ہے، کس نے خدمت اور کس نے وقت ضائع کیا۔شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب پرتوجہ نہیں دی، طوفان ہو یا سیلاب دن رات جنوبی پنجاب میں کام کیا، مخالفین کہتے ہیں میں اسکول، اسپتال نہیں بناتا، آ ڈیرہ غازی خان میں دیکھو، یہاں اسکول بھی بنایا، اسپتال بھی، مخالفین نے اپنے صوبوں میں قوم کا وقت ضائع کیا اور اپنے صوبوں میں دھیلے کا کام نہیں کیا ، عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، غریب قوم کا پیسہ ایمانداری سے استعمال کیا۔ ۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ زرداری اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہمیں بتاتا ہے یہ کیا چاہتے ہیں، انہوں نے روشنیوں کے شہر کراچی کو کچرا شہر بنادیا، کے پی میں پشاور کو اکھاڑ پھینکا۔مسلم لیگ (ن)کے صدر کا کہنا تھا کہ سیاستدان، عدلیہ، فوج اور پارلیمان کو کہتا ہوں خدارا مل کر بیٹھیں، سیاسی مخالفین سے اپیل کرتا ہوں ہوش کے ناخن لو، الزام تراشی اور جھوٹ کے قصے بتاکر کسے بے وقوف بناتے ہو، قوم کو جھوٹ بولنے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں منصوبے مکمل کیے، آج بجلی آرہی ہے، سی پیک بن رہا ہے، یہ عوام کا قرض تھا دن رات ایک کرکے اسے اتارا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے کہا تھا کہ بجلی بناکر پورے پاکستان میں دیں گے، پوچھتا ہوں کہاں ہے وہ بجلی؟ کیا وہ بجلی مریخ پر ہے؟ اگر ہم کوشش نہ کرتے تو آج ملک میں ہر طرف اندھیرے ہوتے۔ شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے چوٹی زیریں میں اسپتال کے قیام کا عندیہ دیا،ساتھ ہی فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج بنانے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ چوٹی زیریں سے چوٹی بالا سڑک بحالی و کشادگی منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ سڑک کی تعمیر پر36 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024