سابق ایم ڈی نیٹکو اور 2 افسران اشتہاری قرار‘ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے
راولپنڈی (محمدرضوان ملک/ نیوزرپورٹر) سول جج قاسم رسول مجسٹریٹ درجہ اول نے بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر سابق ایم ڈی نیکٹو سمیت دیگر اعلیٰ افسران کو اشتہاری قراردیتے ہوئے ان کے دائمی ورانٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت نے ملزمان کی جائیداد کی قرقی کا حکم بھی جاری کردیا۔یادرہے کہ نیکٹو کے سابق ملازم ملک عبادت نے اپنے افسران کے خلاف استغاثہ دائر کیا تھا۔ جنہوںنے اسے بلاوجہ ملازمت سے نکال دیا تھا۔ عدالت ڈیڑھ سال تک سابق ایم ڈی نیکٹو محمد سعید، جنرل منیجر نیٹکو گلزار احمد اور منیجر سائوتھ محبوب حسین کو طلب کرتی رہی لیکن وہ بار بار طلبیوں کے باجود پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے انہیں مسلسل غیر حاضر رہنے پر دفعہ 87/88 کے تحت اشتہاری قراردیتے ہوئے ان کی گرفتار ی کے لئے دائمی وارنٹ گرفتار ی جاری کر دئیے۔ ملک عبادت خان کے وکیل مہر عامر شہزاد ایڈووکیٹ نے ’’نوائے وقت ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے ملزمان کو پیش ہونے کے لئے کئی نوٹس جاری کئے لیکن ملزمان نے اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہوئے دانستہ طور پر غیر حاضر رہے جس پر عدالت نے دفعہ 87/88 کی کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو اشتہاری قراردیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اور ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دے دیا۔