شام کے مسلمانوں پر مظالم کیخلاف تحریک انصاف کا احتجاجی مظاہرہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمعہ کے روز شام کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف پریس کلب سے مری روڈ تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آزاد آصف ملک اور راولپنڈی کے سابق سیکرٹری جنرل ظہیر احمد اعوان نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ شام کے مسلمانوں پر مظالم کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ اس موقع پر تحریک کے رہنماؤں نے شام کے مسلمانوں کے حق میں ترکی کے صدر طیب اردگان کے بیانیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ پوری قوم کا یہ مطالبہ ہے کہ پاکستان کے حکمران شام کے مظلوم مسلمانوں کا مقدمہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں پیش کریں۔