شہباز شریف کی پارٹی عہدیداروں کی نامزدگی کیلئے نوازشریف سے مشاورت
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی عہدیداروں کی نامزدگی کیلئے پارٹی کے قائد محمد نواز شریف سے مشاورت شروع کردی ہے۔ آئندہ چند روز میں5 سینئر نائب صدور، سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ، فنانس سیکرٹری کی تقرری عمل میں آجائے گی۔ سردار مہتاب احمد خان کو سیکرٹری جنرل بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کی بھی ازسر نو تشکیل دی جائے گی۔ میاں شہباز شریف پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کریں گے جس میں چاروں صوبوں سے سینئر رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا۔ شہباز شریف پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے اور مسلم لیگی کارکنوں کے اجتماعات اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ میاں شہباز شریف ذیلی شاخوں خواتین، وکلا، یوتھ، سٹوڈنٹس ونگز کے عہدیداروں کی نامزدگی کریں گے اسی طرح ضلعی اور تحصیل سطح پر مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کی نامزدگیاں بھی کی جائیں گی۔