دریائوں میں پانی کی آمد میں اضافہ‘ارسا نے صوبوں کا حصہ بڑھا دیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافے کے باعث ارسا نے صوبوں کا پانی کا حصہ بڑھا دیا ۔ارسا ترجمان کے مطابق پانی کی آمد 53 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 70 ہزار 200 کیوسک ہوگئی ہے ۔ترجمان نے کہاکہ پنجاب کو پانی کی 64 فیصد اور سندھ کو 54 فیصد کمی کا سامنا ہے ٗپنجاب کو پانی کی فراہمی20 ہزار 300 کیوسک سے بڑھا کر 26 ہزار 700 کیوسک کردی گئی ہے جبکہ سندھ کو 13 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 17 ہزار کیوسک کردی گئی ہے ‘ ترجمان نے کہاکہ کے پی کو 2 ہزار 400 کیوسک اور بلوچستان کو 3 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔خیبر پی کے اور بلوچستان کو انکے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں واپڈا نے تربیلا، منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج، ان کی سطح اور بیراجوں میں پانی کے بہاؤ کی صورت حال کے بارے میں اعداد و شمار جاری کر دیئے۔بیان کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 25500 کیوسک اور اخراج 25500 کیوسک، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد 24300 کیوسک اور اخراج 24300 کیوسک، دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 13800 کیوسک اور اخراج 15000 کیوسک، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 6600 کیوسک اور اخراج 2000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ جناح بیراج میں پانی کی آمد 29300 کیوسک اور اخراج 27300 کیوسک، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 25900 کیوسک اور اخراج 20900 کیوسک، تونسہ میں پانی کی آمد 19900 اور اخراج 19700 کیوسک، گدو بیراج میں آمد 20200 کیوسک اور اخراج 17400 کیوسک، سکھر بیراج میں پانی کی آمد 17000 کیوسک اور اخراج 4500 کیوسک، کوٹری میں آمد 3000 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1386فٹ، پانی کی موجودہ سطح1386.00 فٹ، پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1550 فٹ اور قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.000 ملین ایکڑ فٹ، منگلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1050فٹ، ریزر وائر میں پانی کی موجودہ سطح 1050.00فٹ، پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1242فٹ اور قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.040 ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔