لیڈرشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تسلسل کی ضرورت ہے‘ جنرل زبیر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ادارہ جاتی اہداف کے تعین میں جدت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سٹرٹیجک اداروں کی اعلیٰ قیادت کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے یہ بات سٹرٹیجک آرگنائزیشنز کی اعلیٰ قیادت اور سینئر آفیسرز لیڈر شپ کورس کے شرکاء سے کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ کورس پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز میں منعقد ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویڑن لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات نے سٹرٹیجک اداروں کی اعلیٰ قیادت کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے سٹرٹیجک قیادت کی خوبیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک سٹرٹیجک لیڈر نہ صرف تزویراتی سمت کا حامل ہوتا ہے بلکہ تزویراتی دبائو کو بھی بروئے کار لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا لیڈر نہ صرف اپنی ٹیم کے روبرو واضح مشن پیش کرتا ہے بلکہ ٹیم کے تجربات اور متنوع خیالات کی بنیاد پر اس میں مسلسل بہتری بھی لاتا ہے، ایسی فعال لیڈر شپ اسی صورت میں پیدا ہوتی ہے جب لیڈر اپنی ٹیم کی خوبیوں اور حدود و قیود سے اچھی طرح روشناس ہو اور عصری فکر اور چیلنجز سے بھی بخوبی آگاہ ہو۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اس لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تسلسل اور اس میں بہتری پر زور دیا تاکہ وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے عصر حاضر کے چیلنجوں سے مو ثر انداز سے نمٹا جا سکے۔