خبروں کی اشاعت پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا ایکشن
دھریالہ جالپ(نامہ نگار) عید الفطر کے موقع پر پنڈدادنخان سے ملکوال کے درمیان دریائے جہلم پر موجود ریلوے وکٹوریہ پل سے گزرنے کے دوران سیلفی لیتے ہوئے نویں جماعت کی طالبہ دریا میں گر کر جاں بحق ہو ئی تو محکمہ ریلوے نے وکٹوریہ پل سے ملحقہ موٹرسائیکل سواروں کے لئے رستہ بند کر دیا جس سے دو تحصیلوں کے عوام سخت پریشانی کا شکار تھے اور خطرناک طریقہ سے موٹرسائیکلوں کو کشتیوں میں لوڈ کر کے دریا عبور کیا جاتا ہے۔سینئر صحافیوں نے مذکورہ رستے کو کھولنے کے حوالہ سے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا پرآواز اٹھائی تومعاون خصوصی وزیراعظم چوہدری ناصراقبال بوسال نے ایکشن لیتے ہوئے 80 لاکھ روپئے محکمہ ریلوے کو فنڈز جاری کروایا جس سے محکمہ نے گزشتہ روز چک نظام کے مقام پر متعلقہ سامان شفٹ کرنا شروع کر دیا ہے ،اس حوالہ سے ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے وکٹوریہ پل سے ملحقہ رستے پر لوہے کی پلیٹیں لگانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے جو آنے والے چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی چوہدری ناصر اقبال بوسال کا شکریہ ادا کیا ہے۔