سٹیل ملز‘ پی آئی اے سمیت سرکاری کنٹرول والے ادارے فیل ہو گئے: غلام احمد بلور
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ قومیائے گئے ادارے فیل ہوگئے ہیں پاکستان سٹیل ملز پر سالانہ کروڑوں روپے لگائے جا رہے ہیں لیکن وہ دن بدن خسارے میں جا رہی ہے‘ قوم و ملک کا پیسہ کب تک ان جیسے اداروں پر خرچ ہوتا رہے گا‘ ملک قرضوں کی دلدل میں پھنستا جارہا ہے لیکن ہم ذاتی مفادات کی خاطر ان برباد اداروں سے جان چھڑانے کے لئے تیار نظر نہیں آتے۔ وہ جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ سرکاری زیر انتظام چلنے والے ادارے فیل ہوچکے ہیں۔ جن میں سٹیل ملز اور پی آئی اے نمایاں شامل ہیں۔ جبکہ اس کی نسبت نجی کاروبار دن بدن بڑھ رہے ہیں کوئی پارٹی سٹیل ملز کے ساتھ انصاف نہیں کرسکی کب تک ملک کو اربوں کھربوں روپے کا نقصان دیتے رہیں گے۔ یہ ملک و قوم کا پیسہ ہے جس سے ہم آنکھ بند نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے ٹیکسز کا پیسہ ہے جو غریب عوام سے لیا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب بااثر اور امیر طبقہ ٹیکس دینے کو تیار نہیں ایسے ملک کب تک چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ملک وک قرضوں کی دلدل سے نکلنے کا راستہ پتہ ہے اگر اس پر عمل کیا جائے تو ملک آدھے قرضوں سے نجات پاسکتا ہے اس وقت ہماری پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت بند ہے جبکہ جن ممالک کے ساتھ تجارت کررہے ہیں ان کی نسبت ہم آدھی رقم سے وہ چیز پڑوسی ممالک سے خرید بھی سکتے ہیں اور فروخت بھی کرسکتے ہیں لیکن اس جانب ہم جانا نہیں چاہتے۔