ایگریکلچرل کمپلیکس راولپنڈی میں جڑی بوٹیوں کے انسداد کے حوالے سے سیمینار اور واک
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی ہدایت پر ’’جڑی بوٹی مکائو پیداوار بڑھائو‘‘ مہم کے سلسلہ میں ایگریکلچرل کمپلیکس راولپنڈی میں جڑی بوٹیوں کے انسداد کے حوالے سے سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈاکٹر آصف الرزاق انٹامالوجسٹ شعبہ مگس بانی، ڈاکٹر محمد اسلم ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ نباتات راولپنڈی ڈویژن ، ڈاکٹر محمد ارشاد باٹنسٹ ملٹ ریسرچ سٹیشن، خالدہ عباسی ماہر حشرات، ہارون احمد خان اسسٹنٹ دائریکٹر زرعی اطلاعات ، عبدالحمید ماہر شماریات محکمہ زراعت کے علاوہ محکمہ زراعت کے دیگر افسران و عملہ اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف الرزاق نے بتایا کہ بتایا کہ جڑی بوٹیاں فصل کی پیداوار کو 30 سے 40 فیصد تک متاثر کرتی ہیں۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ جڑی بوٹیوں کے تدارک کے لئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔ کاشتکار جڑی بوٹیوں کے بروقت انسداد سے فصلوں کی اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی کاوشوں سے یہ مہم کامیابی سے جاری ہے جس سے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ڈاکٹر محمد ارشاد نے جڑی بوٹیوں کی اہمیت، نقصان اور طریقہ تلفی کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کسی بھی فصل میں غیر فصل کا پودا جڑی بوٹی ہے۔ مثلاً اگر گندم کی فصل میں دھان یا مکئی کا پودا ہو گا تو وہ جڑی بوٹی کہلائے گا۔ ڈاکٹر محمد اسلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جڑی بوٹیاں کسی بھی فصل کو اتنا نقصان پہنچاتی ہیں جتنا کہ نقصان رساں کیڑے اور بیماریاں مل کر بھی نہیں پہنچاتے۔ انہوں نے مختلف فصلات میں جڑی بوٹیوں کے نقصانات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ عبدالحمید نے بتایا کہ ایک فصل کی جڑی بوٹیاں دوسری فصل کی جڑی بوٹیوں سے مختلف ہوتی ہیں۔ یہ خوراکی اجزاء کیلئے فصل کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں جس کے نتیجہ میں فصل کمزور اور پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ جڑی بوٹیاں مختلف نقصان رساں کیڑوں کی پناہ گاہ کے طور پر بھی کام کرتی ہیں۔ ہارون احمد خان نے شرکاء سیمینار کو جڑی بوٹیوں کی تلفی کے حوالے سے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کی اہمیت کے بارے میںبتایا۔ سیمینار کے بعد ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جڑی بوٹیوں کے نقصانات اور تدارک کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔