خراب معاشی حالات : مراکش میں مظاہرے ، جھڑپیں ، 200 افراد زخمی ، 9گرفتار
رباط (این این آئی)مراکش کے صوبے جرادہ میں ہزاروں افراد نے اپنے پست معاشی حالات کو سدھارنے کے لیے مظاہرہ کیا لیکن ان کے مظاہرے نے تشدد کا رخ اختیار کر لیا اور مظاہرین کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکش کے شمال مشرق میں واقع قصبے جرادہ میں گذشتہ سال دسمبر میں دو کان کنوں کی ایک حادثے میں موت کے بعد سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں لیکن اس سے پہلے علاقے کے مکین پْرامن طور پر ہی احتجاج کرتے رہے ہیں۔ وہ حکومت سے مالی امداد اور متبادل روزگار مہیا کرنے کے مطالبات کررہے ہیں۔ ایک مقامی افسر کے مطابق مظاہرین نے پولیس کی پانچ کاروں کو نذر آتش کر دیا اور ان کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں دو سو سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ۔ ان میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں۔