ہارس ٹریڈنگ پر سینٹ انتخابات کا لعدم قرار دینے کیلئے ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پرسینٹ کے انتخابات کالعدم قرار دینے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست تحریک انقلاب کے سربراہ رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ آئین کے منافی اور الیکشن کمشن کی ناکامی ہے۔ ہارس ٹریڈنگ سے ملک کے سب سے بڑے ایوان کی ساکھ کو دائو پر لگا دیا گیا۔الیکشن کمشن نے ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے اقدامات نہ کر کے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے پوری نہیں کیں۔پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی ووٹ دکھا کر کاسٹ کرتے رہے جو کہ آئین اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ خفیہ رائے شماری نہ ہونا واضح طور پر دھاندلی اور آئین سے بغاوت ہے۔ استدعا ہے کہ سینٹ کی تمام نشستوں پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دے اور عدالتی فیصلہ آنے تک نو منتخب سینٹیرز کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کرنے کا حکم دیا جائے۔