شہباز شریف کی پارٹی عہدیدار وں کی نامزدگی کیلئے نواز شریف سے مشاورت
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی عہدیداروں کی نامزدگی کیلئے پارٹی کے قائد محمد نواز شریف سے مشاورت شروع کردی ہے۔ آئندہ چند روز میں پانچ سینئر نائب صدور، سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، فنانس سیکرٹری کی تقرری عمل میں آجائے گی۔ سردار مہتاب احمد خان کو سیکرٹری جنرل بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کی بھی ازسر نو تشکیل دی جائے گی۔ میاں شہباز شریف پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کریں گے جس میں چاروں صوبوں سے سینئر رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے اور مسلم لیگی کارکنوں کے اجتماعات اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔ میاں شہباز شریف مسلم لیگ ن کی ذیلی شاخوں خواتین، وکلا، یوتھ، سٹوڈنٹس ونگز کے عہدیداروں کی نامزدگی کریں گے اسی طرح ضلعی اور تحصیل سطح پر مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کی نامزدگیاں بھی کی جائیں گی۔