حکومت تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے مارکیٹ اصلاحاتی پروگرام شروع کرے : خواجہ خاور
لاہور(نیوزرپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تاجروں کے عمومی مسائل حل کرنے کے لیے فوری طور پر مارکیٹ اصلاحاتی پروگرام شروع کرے۔ بے تحاشا مسائل کے انبار تلے دبے تاجروں کو مارکیٹ اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے بڑا ریلیف دیا جاسکتا ہے، حکومت اگر لاہور کی مارکیٹوں کو رول ماڈل بنانے کا منصوبہ شروع کرے تو اس سے جہاں تاجروں کو کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں میسر آئیں گی حکومتی محاصل کا 90فیصد سے زائد حصہ ان ہی تاجروں سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی اکثریت برانڈرتھ روڈ، بیڈن روڈ، منٹگمری روڈ، فوٹو گڈز مارکیٹ، چیمبر لین روڈ، انارکلی، مال روڈ، اردو بازار، شاہ عالم مارکیٹ، اچھرہ، نیلاگنبد، بادامی باغ ، لبرٹی ، فیروز پور روڈاور اعظم کلاتھ مارکیٹ سمیت دیگر اہم مارکیٹوں میں کاروبارکرتی ہے جہاں صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے ،ناجائز تجاوزات کی بھرمار، کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گندگی، امان و امان کی بگڑی ہوئی صورتحال، بجلی اور ٹیلیفون کے انتہائی ناقص انتظامات اور ٹیکس وصول کرنے والے اہلکاروں نے تاجروں کے لیے کاروبار کرنا انتہائی مشکل بنادیا ہے۔