مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوان شہید کردیئے، زبردست مظاہرے، جھڑپیں، بیسوں زخمی
سری نگر (کے پی آئی+ آن لائن) سرینگر کے مضافاتی علاقے بالہامہ میں بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 4 گھروں کو تباہ کر دیا ہے۔ نوجوانوں کی شہادت پر جنوبی کشمیر میں ہڑتال رہی جبکہ بھارتی فورسز نے رکاوٹیں کھڑی کرکے شہریوں کو اونتی پورہ جانے سے روک دیا۔ بھارتی فوج نے بالہامہ کے محاصرے کے دوران دونوں نوجوانوں راسک اور شبیر احمد کو اس وقت عسکریت پسند قرار دے کر شہید کیا جب وہ ایک گھر میں موجود تھے۔ بھارتی فوج نے مارٹر گولے داغ کر 4 گھروں کو تباہ کیا۔ گھر کے ملبے سے ان نوجوانوں کی نعشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا مارے جانے والے بی جے پی رکن کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلاکر ہتھیار چھیننے کی کوشش کے بعد فرار ہو ئے تھے۔ جھڑپ کے نتیجے میں پولیس اور سی آر پی ایف کے 2اہلکار زخمی ہوئے ۔ جھڑپ کیساتھ ہی کھنموہ ،بالہامہ ،پلوامہ،ترال اور پانپور میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اونتی پورہ کے کئی علاقوں میں دکانیں بند رہیں ۔اس دوران کھنموہ اور نواحی بستیوںمیں بڑی تعدادمیں لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے زوردار احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔ فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان پر تشدد جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جس سے بیسیوں افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر ترال بس سٹینڈ پر بھی نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو کیا۔ جنوبی کشمیر کی ٹرین سروس جمعہ کو پھر معطل کردی گئی۔ دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے کہا بھارتی فوجیوںنے مقبوضہ وادی میں لوگوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے ذریعے انہیں ہراساں کرنے کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے جسے ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ کے غیر قانونی طور پرنظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ کو ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ کو جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل سے مقدمے کی شنوائی کیلئے سرینگر لایا گیا جہاں ایڈیشنل سیشن جج کی عدلت میں سماعت کے بعد انہیں واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔ عدالت نے مقدمے کی اگلی سماعت 28مارچ کو مقرر کر دی۔ بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمدوازہ کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ کو ضلع اسلام آباد کے علاقے براک پورہ میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ شہید نوجوانون سید اویس احمد شاہ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے وائل ککر ناگ جا رہے تھے۔ گرفتاری کے بعد صدر تھانہ اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
کشمیر