خاص ہو
جب کوئی شخص آپ کی نظروں میں خاص ہو
لگتا ہے دور جا کے بھی وہ آس پاس ہو
کیونکر پہن سکے گا وہ خوشیوں کا پیرہن
جس کے نصیب میں لکھا غم کا لباس ہو
میرا تو اِس جہان میں کوئی نہیں مگر
اپنوں کے باوجود بھی تم کیوں اُداس ہو
کوئی تو میرے درد کو نظروں سے بھانپ لے
کوئی تو میرے شہر میں چہرہ شناس ہو
مر کے بھی اپنی آنکھ وہ رکھتا ہے ادھ کھلی
جس کو کسی کے لوٹ کر آنے کی آس ہو
منزہ سیّد