فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) اور ورکنگ باؤنڈری پر آپریشنل تیاریاں برقراررکھنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ پاک افغان سرحد پر بھی آپریشنل تیاریاں جاری رکھی جائیں۔ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف نے 78 ویں دو روزہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر قیمت پر وطن کی خدمت اور دفاع کرتی رہے گی۔ کانفرنس کے شرکا نے جیو سٹرٹیجک صورتحال اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجوں سمیت مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے جوابی حکمت عملی پر غور کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کو تقویت دینے کے لیے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں مشرقی سرحدوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ شرکا نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد کردار کو بھی سراہا۔ کانفرنس کے دوران آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشنز کے تربیتی معیار کی تعریف کی اور افسروں اور جوانوں کے بلند عزم کو سراہا۔
ایک طرف افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا جاری ہے جس کی وجہ سے کئی عناصر افغانستان کی صورتحال کو بگاڑ کی طرف دھکیلنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، اور دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 682 روز سے کرفیو نافذ کر کے ایک ایسے انسانی المیے کو جنم دیا ہے جو پاکستان کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ اندریں حالات، پاکستان مغرب اور مشرق دونوں جانب سے دباؤ کا شکار ہے۔ ایسے میں عسکری قیادت کا مذکورہ کانفرنس میں وطن عزیز کے امن و سلامتی کی حفاظت کے لیے پوری طرح تیار رہنے کے عزم کا اعادہ اور مقبوضہ وادی کے مظلوم باسیوں سے اظہارِ یکجہتی بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ ہماری مسلح افواج کا ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستعد رہنا ہی پاکستان میں امن و امان کے قیام کی ضمانت ہے۔