اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس گزشتہ روز بدھ کواسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے سی ڈی اے امور و رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے علاوہ وزارت داخلہ، آئیسکو اور ایس این جی پی ایل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے زون تھری، فور اور فائیو کے شہریوں کو بجلی اور گیس کے کنکشنز کے حصول میں درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون نے اسلام آباد میں زون 3 ، 4 اور 5 کے رہائشیوں کویوٹیلٹی کنکشنز کی فراہمی کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ زون 4 اور 5 کے مسائل حل کرنے کے لئے ماسٹر پلاننگ کمیشن کے تحت کمیٹی تشکیل دینے کے لئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی جا چکی ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم نے تجویز دی کہ مذکورہ مسائل کے مستقل حل کے لئے قانونی ہاو سنگ سکیموں اور غیرقانونی ہاسنگ سکیموں میں بنائے گئے مکانات اور عمارتوں کے لئے ایمنسٹی سکیم متعارف کروائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے ایمنسٹی سکیم کے حوالے سے پالیسی تیار کرے ، وزارت قانون اس بارے میں بھرپور تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانا ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ سی ڈی اے نے جہاں سے بھی زمین حاصل کی ہے اور اس کے ذمہ رقم واجب الادا ہے اس کی ادائیگی ایک سال کے اندر اندر یقینی بنائی جائے۔
ہم نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانا ہے،بیرسٹر فروغ نسیم
Jun 17, 2021