ڈیجیٹل اور مائیکرو انشورنس کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کا مسودہ جاری
اسلام آباد(کامرس ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) انشورنس کے شعبے میں جدت ، ٹیکنالوجی کے استعمال کر فروغ دینے ، مسابقت کو رجحان دینے اور مالیاتی پراڈکٹ کی رینج میں اضافے کے پیش نظر ڈیجیٹل انشورنس اور چھوٹے پیمانے پر انشورنس فراہمی کرنے والی کمپنیوں ’مائیکرو انشورنس ‘ کے لئے ریگولیٹری فریم ورک تجویز کر دیا ہے۔ ریگولیٹری فریم ورک کا مسودہ عوامی تجاویز اور آراء کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔مجوزہ ریگولیٹری فریم ورک میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صرف اور صرف ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے انشورنس فراہم کرنے والی کمپنیوں اور چھوٹے پیمانے پر (سمال سائز ٹکٹ انشورنس ) سہولت فراہم کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کی رجسٹریشن اور لائسنس کے شرائط و ضوابط کا تعین کیا گیا ہے۔ مجوزہ فریم ورک میں چھوٹی اور ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے انشورنس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن کو سہل بنانے کے لئے کم سے کم اداشدہ سرمایہ اور سالوینسی رجیم کے تحت ریگولیٹری تقاضوں میں نرمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ڈیجیٹل انشورنس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی مارکیٹ کا قیام جدید کارپوریٹ سیکٹر کے قیام کے لئے ایس ای سی پی کی جانب کی جانے والی اصلاحات کا تسلسل ہے۔ مجوزہ فریم ورک میں ڈیجیٹل انشورنس کمپنیوں کے کاروباری طرز ، ٹیکنالوجی کے استعمال ، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا کے تحفظ ، پائلٹ آپریشن ، اور قانون کی کمپلائنس سے متعلق شرائط و ضوابط کا بھی تعین کیا گیا ہے۔ پاکستان میں آن لائن ادائیگیوں کا نظام اس ڈیجیٹل انشورنس کے کاروبار میں معاون ثابت ہو گا۔ مجوزہ فریم ورک متعدد ممالک میں بین الاقوامی مارکیٹوں کے تجربات اور بین الاقوامی معیارات کے وسیع مطالعے کی بنیاد پر تجویز کئے گئے ہیں۔ نئے فریم ورک موجودہ انشورنس کمپنیوں کو مائیکرو انشورنس انڈرائٹ کرنے یا ڈیجیٹل طریقوں کے ذریعے انشورنس تقسیم کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انشورنس رولز 2017 میں ترامیم کا مسودہ اور پوزیشن پیپر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔