لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام کرتے رہیں گے۔ شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے بیماری کا پھیلاؤ کم کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلی پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اس دوران حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اور کورونا وبا کا پھیلاؤ کم کرنے کے لئے حکومتی ہدایات پر عملدر آمد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے کے لئے چھپن ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی ہے،کوروناسے متاثرہ کاروبار کو اس تاریخی اقدام سے ریلیف ملے گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے باعث معمولات زندگی بدل رہے ہیں۔شدید متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے۔وبا کی وجہ سے معیشت سست روی کا شکار ہےعوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ماضی کا روایتی طریقہ کار اب نہیں چلے گا۔اس ضمن میں ہماری حکومت آؤٹ آف باکس اقدامات پر کام کررہی ہے۔تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔اراکین اسمبلی کے جائزکام ہر صورت ہوں گےاور ان کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔