
اسلام آباد : مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔
جی این این کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پی آئی اے کو سود کی ادائیگی کیلئے کیش سپورٹ اوروزیراعظم یوتھ بزنس لون اور کامیاب جوان پروگرام کیلئے فنڈز کی منظوری کا امکان ہے ۔اجلاس میں کورونا کے حوالے سے عوامی آگاہی کیلئے میڈیا کیمپین کیلئے فنڈز کی منظوری کا امکان ہے ۔
پاکستان اٹامک انرجی کیلئے 1ارب 30 کروڑ روپے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔ وزارت داخلہ کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ اور ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے کو 10 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری کا امکان ہے ۔ رابطہ کمیٹی اجلاس میں این ڈی ایم اے کیلئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 7 ارب روپے 94 کروڑ سے زائد فنڈز اور ایرا کی فنڈز ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کا بھی امکان ہے ۔