مذہبی معاملات میں ٹانگ اڑانے سے گریز کیاجائے،عرفان شاہ مشہدی
کراچی ( نیوز رپورٹر) جامعہ مجددیہ نعیمیہ گلشن نعیمی ملیر کے سالانہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مناظراسلام علامہ سید عرفان شاہ مشہدی، پیر عبدالخالق قادری آف بھرچونڈی شریف، میزبان مفتی محمدجان نعیمی،علامہ خادم حسین خورشیدودیگر مقررین نے حکومت وقت کو متنبہہ کیاہے کہ مذہبی معاملات میں ٹانگ اڑانے سے گریز کیاجائے،پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے اس میں دین سے بیزاری کی کوئی گنجائش نہیں،صحابہء کرام کی شان میں گستاخی وبے ادبی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی، حکمران اپنی زبان کو لگام دیں، جان بوجھ کر مذہبی طبقے کو اشتعال دلانے کی سازش کی جارہی ہے، پرامن لوگ ہیں کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، اقدار اور شعائراسلام کے تحفظ اور فروغ کے لئے علماء ومشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر متحدکررہے ہیں۔جلسے میں پیر فقیرجان اشرفی، پیر ایوب جان سرہندی، صوبائی وزیرحاجی غلام مرتضیٰ بلوچ، پیر غلام رضوانی شاہ جیلانی، سابق ایم این اے ساجداحمد، پیر آغافضل الرحمان مجددی، صاحبزادہ مفتی نذیراحمد جان نعیمی، پیر ہادی بخش صدیقی، صاحبزادہ ریحان امجدنعمانی، پیر عبدالرحمان ٹھٹھوی، مفتی شریف سعیدی، مفتی قاضی احمدنعیمی، علامہ اشرف گورمانی، مفتی عبدالعلیم قادری، مولاناشفیق برڑو، علامہ غلام یاسین گولڑوی ، سائیں عبیدمشوری،سید احسان گیلانی، پیر سید ضمیر حسین شاہ جیلانی، مفتی عبدالرزاق سکندری، پیراعجازاحمد،مفتی تاج الدین نعیمی، حلیم خان غوری، صاحبزادہ زبیر ہزاروی، صاحبزادہ عثمان محمودنعیمی، علامہ افضل حسینی،پروفیسرعبدالقیوم نعیمی، مولاناغلام محمدنعیمی، مولاناسید فرحان شاہ نعیمی، مولانابہرام خان نعیمی ودیگربھی شریک تھے۔ مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مناظراسلام علامہ پیر سید عرفان شاہ مشہدی نے کہاکہ خوش نصیب ہیں وہ والدین جن کے بچوں کو آج دستار فضیلت سے نوازا گیا ہے، عالم اسلام کے عظیم ادارے سے سند فراغت حاصل کرنے والے علمائے کرام حفاظ کرام کو کو میں مبارک پیش کرتا ہوں۔سند فراغت حاصل کرنے والے علمائے کرام اورحفاظ اپنے منصب سے انصاف کرتے ہوئے دین اسلام کی تعلیمات کو عام کریں۔