پی ٹی سی ایل ریفرنڈم میں کامیابی مزدور اتحادکا ثمر ہے: حافظ نعیم الرحمن
کراچی (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے ریفرنڈم میں ملازمین اور مزدوروں کے اتحاد ’’پی ٹی سی ایل ورکز اتحاد فیڈریشن ‘‘ کی کامیابی مزدور اتحاد ،طویل جدو جہد اور قربانیوں کا ثمر ہے ۔ یہ کامیابی نہ صرف تمام ورکرز ، بلکہ پی ٹی سی ایل اور پورے ملک کے لیے بہتر ثابت ہو گی ۔ جماعت اسلامی پی ٹی سی ایل کے حوالے سے 1996کے ایکٹ کے تحت ملازمین اور مزدوروں کو ان کے تمام حقوق اور مراعات دینے کے حق میں ہے ۔ ہم نے ماضی میں بھی مزدوروں کے حقوق کی جدو جہد کی ہے آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شب پی ٹی سی ایل کے ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کر نے والے مزدور اتحاد کے صدر ، آرگنائزر اور دیگر عہدیداران کی ادارہ نور حق آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن کے صدر زاہد امام ،مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر مشتاق حسنین ، مرکزی ڈپٹی چیف ایڈوائیزر اعظم خان ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد سلیم ، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری محمد رفیق ، مرکزی وومن سیکریٹری رعنا وحید ،رفیق لالا ،فرحان ، محمد اعجاز ، فرخ مبین ، این ایل ایف کے مرکزی رہنما خالد خان ، شاہد ایوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سی بی اے یونین کے عہدیداروں نے جماعت اسلامی اور این ایل ایف کی جانب سے ورکرز اتحاد کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ، ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری قاسم جمال اور دیگر بھی موجودتھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے نو منتخب عہدیداروں کو ہار پہنائے اور مٹھائی کھلائی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ریفرنڈم میں کامیابی نے مزدوروں کے اتحاد کی اہمیت کو ثابت کیا ہے ،مستقبل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اتحاد کو نہ صرف برقرار رکھا جائے بلکہ اس کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔