سہیل انور سیال نے وزیر اعلی قائم علی شاہ کی جانب سے ڈی جی رینجرز اور وفاق کو لکھے گئے خط سے لاعلمی ظاہر کردی

17 جون 2015 (19:02)

فیڈریشن ہاؤس کراچی میں تاجروں کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط کی تفصیلات معلوم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ رینجرز کے کیا اختیارات ہیں جبکہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری نہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول سندھ کے راستے سے کیسے آیا، اس کے بارے میں وفاق سے جواب طلب کیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی نے ٹاسک فورس بنائی ہے جس کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور سکیورٹی اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے تاجروں کو بھی یقین دہانی کرائی کے وہ پانی کے مسئلے پر شرجیل میمن سے بات کریں گے۔